وزیرِ اعظم NCOC کو بند کرنے کا اعلان اس ماہ کے آخر میں کرینگے: فیصل سلطان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے اس مہینے کے آخر میں این سی او سی کے خاتمے کا باقاعدہ اعلان متوقع ہے۔
خصوصی طور پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ حکومت نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی )کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ این سی او سی کی ذمے داریاں اب نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کا ادارہ سی ڈی سی انجام دے گا۔ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء سے کامیابی کے ساتھ نمٹنے پر اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے مقام پر یادگار تعمیر کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان متوقع طور پر یادگار کا افتتاح اور این سی او سی کے باقاعدہ خاتمے کا اعلان کریں گے۔وفاقی وزارت صحت حکام کے مطابق اس سال 27 مارچ کو این سی او سی کے قیام کو 2 سال مکمل ہو جائیں گے۔
وفاقی وزارت صحت حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ این سی او سی کے باقاعدہ اختتام کا اعلان کورونا وائرس کی پانچویں لہر کے باعث ملتوی کیا گیا تھا۔