سیاسی جنگ میں پاک فوج کے خلاف مہم نہ چلائیں، جید علماء کی اپیل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک کی سیاسی گرما گرمی کے حوالے سے ملک بھر کے جید علما و مشائخ و مکاتب نے متفقہ اعلامیہ جاری کردیا۔علماء ومشائخ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ حزب اختلاف واقتدار اور کارکنان سے اپیل ہےسیاسی جنگ میں پاک فوج کےخلاف مہم نہ چلائیں، سیاسی جنگ میں سلامتی کےاداروں کےخلاف مہم نہ چلائیں۔
علامہ عبد الحق مجاہد، حافظ محمد طاہر اشرفی ،پیر نقیب الرحمان،علامہ عارف واحدی کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاک فوج اور ملک کے سلامتی کے ادارے ملک کی سلامتی ، بقاء اور استحکام کی علامت ہیں، پاک فوج اورملک کی سلامتی کےاداروں کےخلاف کسی قسم کی مہم کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔
علماء و مشائخ کے مطابق پاکستانی قوم اورفوج کی قربانیوں کانتیجہ ہے کہ آج پاکستان میں پورا عالم اسلام اسلام آباد میں ہے۔اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ متعلقہ ادارے پاک فوج اور سلامتی کے اداروں کے خلاف مہم چلانے والوں کےخلاف فوری ایکشن لیں، دانستہ نا دانستہ پاکستان میں انتشار پیدا کرنےکے خواہشمند عناصرکو نشان عبرت بنایا جائے۔
یہ بھی کہا گیا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ اور وفود کو بھی خوش آمدید کہتے ہیں، اسلامی تعاون تنظیم کا چند ماہ میں دوسرااجلاس پاکستان کیلئےقابل فخرہے، یہ پورے پاکستان کےمہمان ہیں، مسلم امہ کی اس اجلاس سے بہت ساری توقعات ہیں جو انشاء اللہ پوری ہوں گی۔