7 نامزدگیوں کے باوجود مرکزی اداکارہ ہی آسکرز ایوارڈز میں مدعو نہیں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈز شو اکیڈمی ایوارڈز المعروف آسکر کے 2022 کے ایونٹ میں7 نامزدگیاں حاصل کرنے والی فلم کی مرکزی اداکارہ ہی تقریب میں مدعو نہیں ہے۔ اداکارہ ریچل زیگلر نے بتایا کہ وہ اس ایوارڈز شو میں شرکت نہیں کر رہیں کیونکہ انہیں بلایا ہی نہیں گیا۔

خود کو دعوت نامہ نہ ملنے کا انکشاف انہوں نے انسٹاگرام پر مداح کی جانب سے اس رات کو کیا ڈریس پہننے کی منصوبہ بندی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ فوٹوز اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ریچل زیگلر نے اپنی مختلف تصاویر جاری کیں جس کی وضاحت انہوں نے یہ کہتے ہوئے دی کہ ’کوارٹر آف دی ایئر‘۔
ان میں ریچل کی اپنے بوائے فرینڈ، فرینڈز، اپنے پالتو جانور اور چھٹیاں گزارنے کے کچھ لمحات کی تصاویر موجود تھی۔ اس پر ان کے ایک مداح نے تبصرہ کیا کہ آسکر کی رات آپ جو پہنیں گی اسے دیکھنے کا بے صبری سے انتظار ہے۔
مداح کے اس تبصرے پر ریچل بھی بے دھڑک کہہ دیا کہ وہ تو اس ایوارڈز شو کے لیے مدعو ہی نہیں ہیں۔ ریچل نے فلم ویسٹ سائیڈ اسٹوری میں ماریہ کا مرکزی کردار نبھایا تھا، جبکہ ان کی اس فلم کو آسکرز میں 7 مختلف کیٹیگریز کے ایوارڈز کی نامزدگیوں شامل کیا گیا ہے۔