او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس کب کب ہوتا ہے اور اب کی بار یہ اجلاس انتہائی اہمیت کی حامل کیوں ؟
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اہم اجلاس جاری ہے ۔ اس کونسل کے حوالے سے اہم معلومات آپ کی نذر کرتے چلیں کہ سال میں ایک مرتبہ فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال اور غور کے لیے وزرائے خارجہ کا اجلاس طلب کیا جاتا ہے۔طالبان کے افغانستان میں برسر اقتدار آنے کے بعد ملک کی تشویشناک صورتحال اور سنگین انسانی بحران کے خدشے کے باعث پاکستان کی کوششوں سے سعودی عرب کی دعوت پر او آئی سی وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس 19 دسمبر 2021 کو اسلام آباد میں ہی ہوا تھا اور اب3ماہ کے قلیل عرصے میں یہ اجلاس دوبارہ پاکستان میں ہو رہا ہے۔
آج سے شروع ہونے والی اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کی کانفرنس پاکستان کے لحاظ سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔وہ اس طرح کہ 1974کی اسلامی سربراہی کانفرنس نے ذوالفقار علی بھٹو کو عالمی لیڈر بنا دیا تھا اب کی بار یہ موقع وزیر اعظم عمران خان کے ہاتھ آیا ہے۔موجودہ حالات میں دنیا بھر کے اسلامی ممالک سے تعلق رکھنے والے وزرائے خارجہ کی پاکستان آمد پاکستان کیلئے انتہائی خوش کن اور معنی خیز ہے کیونکہ اس کانفرنس کے انعقاد اور شاندار انتظامات کے باعث پاکستان کے سافٹ امیج دنیا کے سامنے آیا ہے۔