اماراتی درہم تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، ڈالر مزید کتنا مہنگا ہو گا؟ کرنسی ماہرین کی پیشنگوئی

لاہور(قدرت روزنامہ) اماراتی درہم کی قیمت 50 روپے کی سطح سے اوپر چلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں تاریخی اضافے کی وجہ سے دیگر کرنسیاں بھی مہنگی ہو گئی ہیں۔ امریکی ڈالر کے علاوہ دیگر نمایاں غیر ملکی کرنسیوں سعودی ریال، اماراتی درہم، برطانوی پاونڈ اور یورو کی قیمت میں واضح اضافہ ہوا ہے۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں اماراتی درہم کی قیمت 50 روپے کی سطح سے اوپر چلی گئی، اوپن مارکیٹ میں 1 درہم 50 روپے 20 پیسے کی قیمت پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔

دوسری جانب انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ کی قدر میں گراوٹ کا تسلسل جاری ہے جس کی وجہ سے منگل کو ڈالر پاکستانی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں60پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا

جس سے ڈالر کی قیمت خرید 181.20روپے سے بڑھ کر181.80روپے اور قیمت فروخت181.30روپے سے بڑھ کر181.90روپے ہو گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں 50 پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 181.50روپے سے بڑھ کر182روپے اور قیمت فروخت 182روپے سے بڑھ کر182.50روپے ہو گئی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قیمت فروخت 200 روپے پر مستحکم رہی جبکہ1.80روپے کے نمایاں اضافے سے برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید 236روپے سے بڑھ کر237.30روپے اور قیمت فروخت238.50روپے سے بڑھ کر239.80روپے پر جا پہنچی ۔ اسٹیٹ بینک ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جون تک ڈالر کی قیمت 185 روپے کی سطح تک پہنچ سکتی ہے۔