چوہدری نثار کو ن لیگ میں واپسی کیلئے کیا کرنا ہو گا؟ سابق وزیراعظم نے بتا دیا
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چوہدری نثارکو واپسی کیلئے پارٹی صدر سے رجوع کرنا پڑے گا، چوہدری نثار کوبتانا پڑے گا جب پارٹی پر مشکل وقت تھا تو وہ کہاں تھے؟ مسلم لیگ ن نے انہیں جتنی عزت دی ہوسکتا ہے اگلی جماعت نہ دے سکے۔
انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار سے پارٹی کا کوئی رابطہ نہیں ہے،چوہدری نثار پارٹی سے خود الگ ہوئے۔چوہدری نثار واپس آنا چاہتے ہیں تو پارٹی صدر سے رجوع کرلیں، لیکن انہیں بتانا پڑے گا جب پارٹی پر مشکل وقت تھا تو وہ کہاں تھے؟چوہدری نثار کو پارٹی نے بہت عزت دی،جو عزت ن لیگ نے دی ہوسکتا ہے وہ عزت اگلی جماعت نہ دے۔
انہوں نے ملک کے مسائل کا حل نکالنے کیلئے سب کو مل بیٹھ کر ایک ایجنڈا بنانا پڑے گا، ملک کو اس قدر تباہ کردیا گیا کہ مسائل کا حل نکالنا ہوگا، پیٹرول کا فی لیٹر9روپے حکومت پر بوجھ بڑھ رہا ہے،پاکستان دشمنوں کو عمران خان سوٹ کرتے ہیں، پاکستان کے دشمن چاہتے ہیں عمران خان کی حکومت چلے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی وفاداری تبدیل کرنا ہارس ٹریڈنگ ہے، ہارس ٹریڈنگ نہیں ہونی چاہیے لیکن اقتدار کو چھوڑ کر ضمیر کی آواز پر آنا ہارس ٹریڈنگ نہیں ہے، ٹکٹ کا وعدہ نہیں کیا لوگ اپنے ضمیر کی آواز پر آئے ہیں، ایک بندہ دکھا دیں جس سے ٹکٹ کا وعدہ کیا ہو،
عمران خان کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، ثبوتوں کا فیصلہ عوام اور عدالتیں کریں گی۔شہبازشریف کیخلاف منی لانڈنگ میں کچھ بھی ثابت نہیں ہوا، منی لانڈرنگ کی ہے تو پراسکیوشن ہونی چاہیے ہتک نہیں، مقصود چپڑاسی نے پیسے لیے دیے ہیں تو اس سے پوچھنا چاہیے، یہ کیا طریقہ ہوا کہ زبردستی کسی بھی شخص کو پکڑ کر اس سے کچھ بھی کہلوا دیں،عمران خان کمپنیاں بنا کر امریکا سے فنڈنگ کی، نیب کو چاہیے وزیراعظم کو بھی پکڑے کیوں نہیں پکڑتی؟