برطانوی خاتون نے ایک منٹ میں 19 چکن نگٹس کھاکر نیا ریکارڈ قائم کردیا
میلان(قدرت روزنامہ) برطانوی خاتون نے ایک منٹ میں 19 چکن نگیٹ چٹ کرنے کے بعد گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروالیا ہے۔گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے مطابق لی شکیور کا تعلق برطانیہ کے ویسٹ مڈلینڈز سے ہے۔ انہیں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے ایک پروگرام میں شرکت کے لیے اٹلی کے شہر میلان بلایا گیا تھا۔ اس شو میں لی نے ایک منٹ میں 20 نگیٹس کھانے کا چیلنج قبول کیا لیکن وہ بہت کوشش کے باوجود 19 نگیٹس کھاسکیں لیکن انہوں نے نیا ریکارڈ ضرور قائم کردیا۔
لی کے کھائے ہوئے چکن نگیٹس کا کل وزن ساڑھے بارہ اونس تھا اس طرح انہوں نے 2020 میں نیلا زائسر نامی خاتون کا ریکارڈ توڑا ہے۔ نیلا نے جو سارے نگٹس کھائے تھے ان کا مجموعی وزن 10.51 اونس تھا۔ مجموعی طور پر لی نے دو اونس زائد چکن پکوڑے ہضم کئے ہیں۔
واضح رہے کہ لی شکیور سند یافتہ پیٹو ہیں اور اس سے قبل وہ تین پائیس کھانے کا تیزرفتار مقابلہ جیت چکی ہیں۔ بغیر ہاتھ لگائے سب سے تیزی سے مفن کیک کھانے میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام لکھواچکی ہے۔ انہوں نے ایک منٹ میں سب سے زیادہ ٹماٹر کھانے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا ہے۔