ناراض PTI رکن احمد ڈیہڑ نے وزیرِ اعظم عمران خان کو عدم اعتماد کی ووٹنگ تک وقت دیدیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض رکنِ قومی اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ نے وزیرِ اعظم عمران خان کو عدم اعتماد کی ووٹنگ تک وقت دے دیا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میں آج پی ٹی آئی کے رکن کی حیثیت سے اسمبلی کے اجلاس میں گیا۔
احمد حسین ڈیہڑ کا کہنا ہے کہ میرے 5 مطالبات ہیں، سارے غریب سے متعلق ہیں، عمران خان صاحب سے اپیل ہے کہ میرے مطالبات تسلیم کریں۔انہوں نے کہاکہ میں عدم اعتماد کی ووٹنگ تک وزیرِ اعظم کو وقت دیتا ہوں، میں عمران خان سے اس وقت ملوں گا جب میرے مطالبات پورے ہوں گے۔
ناراض پی ٹی آئی رکنِ اسمبلی نے مزید کہا ہے کہ مجھ پر جو پیسوں کے الزام لگائے گئے، میرے گھر پر حملہ کیا گیا، اس پر بہت دکھی ہوں۔احمد حسین ڈیہڑ کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں ان الزامات پر ہتکِ عزت کا دعویٰ کرنے کا سوچ رہا ہوں، میں پارٹی کے ساتھ ہوں، میرے مطالبات تو تسلیم کریں۔