تین چوہے مل کر میرا شکار کرنے آرہے ہیں، ان کو شکست دیں گے، وزیر اعظم
مانسہرہ (قدرت روزنامہ)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تین چوہے مل کر میرا شکار کرنے آرہے ہیں، ان چوہوں کو شکست دیں گے، ساری جنگ یہ ہے کہ کیسز ختم کرکے این آراو دے دوں، جس دن ان کے کیسز معاف کیے ملک سے سب سے بڑی غداری کروں گا۔
مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اللّٰہ نے کسی کو اجازت نہیں دی اچھے اور برے کی جنگ میں نیوٹرل ہو، یا پیچھے ہٹ جائے کہ ہم کسی کے ساتھ نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن معاشروں میں امر بالمعروف پر عمل ہوتا ہے وہاں مجرم بھگوڑے کو پارٹی بھی چھوڑ جائے۔
عمران خان نے کہا کہ ہر جلسے میں خود کو کہہ کر جاتا ہوں فضل الرحمان کو ڈیزل نہیں کہوں گا، تقریر کرنے کھڑا ہوتا ہوں تو سارے پنڈال سے ڈیزل کی آوازیں آنے لگتی ہیں، برے اور مشکل وقت میں کوشش کی ڈیزل کی قیمت کم کی جائے، ووٹ لینے کے لیے مذہب کو استعمال نہیں کرتا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام آباد کی منڈی میں ضمیر کے بدلے 25 کروڑ تک آفر کی جارہی ہے، سارا وقت چوہے مل کر برا بھلا کہتے ہیں، ڈراتے ہیں، بلیک میل کرتے ہیں، ایمان والے کو کوئی خرید نہیں سکتا، کوئی ڈرا نہیں سکتا۔
عمران خان نے کہا کہ 30 سال سے فضل الرحمان دین کے نام پر سیاست کر رہا ہے، سیاست یا ووٹ لینے کی کوشش نہیں، میرا ایمان ہے نبیﷺ کے راستے پر ہی ملک اٹھے گا، ملک کو اٹھانا ہے تو مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر چلنا ہوگا، معاشرے میں عدل و انصاف کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بڑی تکلیف ہوتی تھی ہم نے باہر کے ملکوں کی غلامی شروع کردی، جن ملکوں میں لیڈروں کا چوری کا پیسہ پڑا تھا، ان کے غلام بن گئے، امریکا نے ڈرون حملے کیے تو یہ تین چوہے سربراہ تھے، ان کو شرم نہیں آتی تھی، کم از کم منہ سے تو بولتے۔
عمران خان نے کہا کہ بھارت سے اس وقت دوستی کریں گے جب کشمیریوں سے انصاف کرے، بھارت سے بات چیت کے لیے تیار ہیں، پہلے کشمیر کا خصوصی اسٹیٹس بحال کرے، اس ملک کو کسی کے سامنے جھکنے نہیں دیں گے، کسی کی غلامی نہیں کریں گے، آپ کو دنیا میں ہرے پاسپورٹ کی عزت کرواکر دکھاؤں گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ اللّٰہ کا حکم ہے ہر انسان اچھائی کے ساتھ کھڑا ہو، بدی کے خلاف جہاد کرے، اللّٰہ نے کسی کو اجازت نہیں دی اچھے اور برے کی جنگ میں کہیں نیوٹرل ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ عدم اعتماد کی ساری جنگ کا ایک مقصد ہے ، کہ کرپشن کے مقدمات ختم کردیں، جس دن کرپشن کے کیس معاف کیے پاکستان سے سب سے بڑی غداری کروں گا، کسی کے سامنے جھکیں گے نہیں، کسی کی غلامی نہیں کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ یہ چوہے اکٹھے ہوئے کہتے ہیں پاکستان میں بہت برے حالات ہیں، چیلنج کرتا ہوں کسی حکومت نے ایسی پرفارمنس نہیں دی، مجھے فخر ہے میری حکومت نے ایسی پرفارمنس دی ہے، ہاتھ اٹھا کر بتاؤ تین چوہے جو شکار کرنے چلے ہیں، کیا وہ کامیاب ہوجائیں گے؟ مجھے چوہوں پر ترس آرہا ہے۔
شہبازشریف اچکن سنبھال کر رکھ لو، یہ کسی کو دینا پڑے گی
وزیر اعظم نے کہا کہ چوہا نمبر ایک شہباز شریف، شہباز شریف نے اچکن سلوالی تھی، شہباز شریف بڑے بڑے خواب دیکھ رہا تھا، شہبازشریف کہتا ہے میں ہوتا تو ایبسلوٹلی ناٹ نہیں کہتا، شہباز شریف کہتا ہے جو بھی بوٹ دیکھتا ہوں پالش شروع کردیتا ہوں، شہباز شریف میں تمہارا نام چیری بلاسم رکھ دیتا ہوں، شہبازشریف اچکن سنبھال کر رکھ لو، یہ کسی کو دینا پڑے گی۔
عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کے چوری کرنے کے دن چلے گئے، شہباز شریف لندن جا کر سیاست کریں گے، شہبازشریف لندن سیاست کرنے چلے گئے تولندن قرضے مانگے گا کہ ہمارا دیوالیہ نکال دیا،تم وہ لوگ ہو جو چوری بچانے کے لئے ملک کا مستقبل تباہ کرتے ہو، ساری قوم تمہاری قبر کھود رہی ہے، جنازہ نکال رہی ہے ۔