کراچی (قدرت روزنامہ)شدید گرمی کے باعث کراچی والے چھٹی کے دن گھر میں محصور ہوگئے ہیں . محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 21.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہونے کا امکان ہے .
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں سمندری ہوائیں معطل ہوچکی ہیں اور شمال مغربی سمت سے 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے .
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ گرمی کی لہر میں شدت 28 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے . کراچی میں گرمیوں کے دوران بھی عام طور پر موسم ملک کے دیگر علاقوں کی نسبت معتدل رہتا ہے، اس کی وجہ سمندر سے چلنے والی ہوئیں ہیں .
گزشتہ کچھ برسوں سے شہر میں ہیٹ ویو ایک مسئلہ بنی ہوئی ہے، جس میں گرمی کی شدت درجہ حرارت سے زائد محسوس ہونے لگتی ہے . 2014 میں آنے والی ہیٹ ویو کے دوران کراچی میں سیکڑوں لوگ لقمہ اجل بنے تھے .