عمران خان کے حق میں بیانات دینے پر ریحام خان کی شوبز ستاروں پر تنقید
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم عمران خان کے حق میں بیانات دینے پر ان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے شوبز ستاروں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے ان ستاروں کو وزیراعظم کی آواز قرار دیا۔
انہوں نے تحریر کیا کہ یہ دیکھ کر بہت دکھ ہوا کہ وہ اداکار جن کی ہم ان آن اسکرین ٹیلنٹ کی وجہ سے عزت کرتے ہیں وہ بےشرمی کے ساتھ اس فاشت اقتدار کی آواز بنے ہوئے ہیں جو بس اپنے جانے کے راستے پر ہے۔
ریحام خان نے یہ بھی لکھا کہ فنکاروں کو اُن سیاستدانوں پر حملہ کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے جن سے حکومت کو خطرہ ہے۔وزیراعظم کی سابقہ اہلیہ نے ان ستاروں کو یہ بھی تجویز دی کہ وہ اپنا پیشہ ورانہ کام ہی کرتے رہیں، اس سے ہٹ کر کوئی کام نہ کریں۔
It is sad to see actors that we respected for their on screen talent shamelessly become mouthpieces of a fascist regime that’s on it’s way out.
Artists should not be used for attacking politicians the government is threatened by. Stick to the day job guys!!— Reham Khan (@RehamKhan1) March 27, 2022
خیال رہے کہ شوبز ستاروں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے حق میں بیانات آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اداکار بلال قریشی نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ ’عمران خان، سب سے پہلے تو آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘۔شان شاہد نے وزیراعظم کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے لیڈر کو کوئی نہیں چھین سکتا۔‘
ہمایوں سعید نے بھی اپوزیشن کے خلاف وزیراعظم عمران خان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’خواہش ہے کہ عمران خان اپنی مدت پوری کریں۔‘ان کے علاوہ اداکار احمد علی بٹ نے عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا جبکہ صبا قمر کا کہنا تھا کہ یہ ایک شخص کی بات نہیں، یہ پاکستان کی بات ہے۔