راز اور کہانیاں بہت ہیں، کتاب لکھوں تو ریکارڈ فروخت ہو، عثمان بزدار کا دعویٰ

لاہور (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دعویٰ کیا ہے کہ بہت سے راز سینے میں ہیں اور بہت کہانیاں ہیں، کتاب لکھوں تو ریکارڈ فروخت ہوگی۔عثمان بزدار نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ خواہشات اور خواب تو بہت تھے سب پورے نہیں ہوسکتے، اگر امریکی صدر بھی بنا دیا جائے تو انسان خوش نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ میرے خلاف کرپشن کا ایک بھی کیس یا اسکینڈل نہیں بنا، ایوان وزیراعلیٰ سے جاؤں گا تو بتاؤں گا کہ ایوان وزیراعلیٰ کیسے آیا؟وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ میرے سینے میں بہت راز ہیں، جو راز ہی رہنے چاہئیں، بہت کہانیاں ہیں، کتاب لکھوں تو ریکارڈ فروخت ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بزدار گروپ نہیں صرف عمران خان کا سپاہی ہوں، وزیراعظم حکم دیں تو سیاست چھوڑنے کو بھی تیار ہوں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں خود مستعفی ہونے کی پیشکش کی تھی، پارٹی نے چوہدری پرویز الہٰی کو نامزد کیا ہے ان کی کامیابی یقینی بناؤں گا۔انہوں نے کہا کہ کچھ متبادل آپشنز پر بات ہوئی، میں نےکہا پارٹی اور ملکی مفاد سامنے رکھنا ہوگا، میرے دور میں ہونے والے کاموں کی دستاویزی فلم جلد جاری ہوگی۔