رابطہ کمیٹی نے معاہدے کی توثیق کردی
کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے معاہدے کی توثیق کردی ہے۔ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی اجلاس کی صدارت کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی بذریعہ ویڈیو لنک کی۔ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا آن لائن اجلاس ہوا، کراچی اور اسلام آباد سے ارکان شریک ہوئے۔
اجلاس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی کے آن لائن اجلاس میں اپوزیشن سے ہوئے معاہدے پر اعتماد میں لیا جائے گا، اجلاس میں معاہدے کے نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔رابطہ کمیٹی اجلاس کیلئے نسرین جلیل، محفوظ یار خان کے علاوہ کہف الوری،حمید الظفر،شکیل احمد، ارشد حسن، ارشاد ظفیر اور ڈاکٹرعبدالقادر خانزادہ بھی بہادر آباد مرکز پہنچ چکے ہیں۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق اجلاس میں ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے تمام اراکین شرکت کررہے ہیں، جبکہ اسلام آباد میں موجود عامر خان، وسیم اختر، کنور نوید اور امین الحق کے علاوہ فیصل سبزواری ، خواجہ اظہار الحسن اور جاوید حنیف ویڈیو لنک سے شرکت کررہے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین بہادرآباد مرکز سے اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے 20 سے زائد نکات پر مبنی مطالبات حکومت اور اپوزیشن کےسامنے رکھے ہیں، رابطہ کمیٹی نے مذاکرات کا مینڈیٹ مذاکراتی کمیٹی کو دیا تھا، مذاکراتی کمیٹی طے پانے والے معاہدے کی تفصیلات سے رابطہ کمیٹی کو آگاہ کرے گی۔