15 دہشت گردوں کے پاکستان میں داخل ہونے کا خدشہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پندرہ دہشت گردوں کے پاکستان میں داخل ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کے خطرات منڈلا رہے ہیں۔پیر کو وفاقی سیکرٹری (ر) سید انور محمود کی طرف سے اسلام آباد کلب میں دیئے گئے افطار ڈنر کے دوران غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران عمران خان کی مقبولیت میں بہت اضافہ ہوا ہے۔
کے پی کے اور سندھ میں ہونے والے انتخابات اس کی نشاندہی کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو اقتدار سے نکالنے کے خواہ بڑوں کی خواہش دل ہی میں رہ گئی، اب تو الیکشن میں عمران خان کا مقابلہ کرنا ہوگا۔قبل ازیں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ یا کسی بھی عدالت جائیں اسپیکر کی رولنگ کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا، جب تک عدالت کا فیصلہ آئیگا الیکشن کے دن آچکے ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ سلیکٹڈ اور الیکٹڈ کا طعنہ دینے والوں کی اچکنیں نیکروں میں بدل گئی ہیں، عوام میں جائیں مقابلہ کریں، الیکشن شفاف ہوں گے اور بغیر مشینوں کے ہوں گے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایک ماہ سیکہہ رہا تھا کہ چیری بلاسم والوں کی اچکنیں نیکریں بنیں گی، خود تو یہ اس قابل نہیں رہ گئے کہ اپنے حلقوں میں جا سکیںیہ جو انہوں نے 18، 18 کروڑ روپے لیا یہ پناہ گاہوں کو دے دیں۔
انہوںنے کہاکہ نئے الیکشن کے لیے میں دو مہینے سے رو رہا ہوں، میں تو ایمرجنسی کی بات کرتا تھا، وزیراعظم نے مسترد کردی،میں نے گورنر راج کی بھی بات کی تھی، سوچ بچار کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ انتخاب کا راستہ اختیار کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے عمران خان کو مقبول بنا دیا ہے، حلقے میں جاتے ہیں تو لوگ وکٹری کانشان بناتے ہیں، خاص طور پر بھارت میں صف ماتم بچھ گئی ہے، وہاں کے 72 چینل صف ماتم کر رہے ہیں۔