کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن 9 اگست سے ختم کرنے کا فیصلہ

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاوَن 9 اگست سے ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ہم نیوز کے مطابق کراچی میں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں کراچی میں کورونا وبا کی صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اس ضمن میں جاری اعلامیے کے مطابق 13 شہروں بشمول کراچی اور حیدرآباد میں کورونا پابندیوں کا اطلاق ہو گا۔

اجلاس میں سندھ میں ویکسی نیشن کا عمل تیز کرنے پر صوبائی حکومت کی تعریف کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جن علاقوں میں کورونا بڑھے گا وہاں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جائے گا۔

مزید یہ کہ اجلاس میں محرم کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔

این سی او سی کے مطابق کراچی، حیدر آباد اور سکھر میں 9 اگست سے لاک ڈاوَن ختم ہو گا۔ دکانیں اور مارکیٹیں رات 8 بجے تک کھولی جاسکیں گی۔

ریسٹورنٹس میں ان ڈور ڈائننگ پر پابندی،آوٹ ڈور ڈائننگ 10بجے تک کھلی رہے گی۔ پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چل سکے گی۔ ہفتے میں 2 دن کاروبار بند رہے گا۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھرکی طرح سندھ میں بھی یہ پابندیاں 31 اگست تک جاری رہیں گی۔