عمران خان کا بیانیہ ملک کو دو لخت کرنے کی سازش ۔ آصف زردری نے کپتان پر سنگین الزام عائد کردیا
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سابق صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے قومی اداروں کے خلاف مہم کی پر زور الفاظ میں مذمت کی۔ایک بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد عمران ذہنی توازن کھو چکے ہیں، احتساب سے بچنے کے لیے عمران خان قومی اداروں کے خلاف بھونڈی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران اب قومی اداروں پر حملہ آور ہو رہے ہیں، ہرزہ سرائی کے پیچھے کرپشن کیسز اور فارن فنڈنگ کیس کا خوف ہے، سزا سے بچنے کے لیے عمران خان قومی اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔سابق صدر نے کہا کہ اقتدار کے لالچ میں عمران خان جس نہج پر جا رہے ہیں وہ ملک کو پھر دولخت کرنے کی سازش لگتی ہے، جھوٹے سازشی بیانیے سے لوگوں کے جذبات بھڑکانے کی کوشش قابل مذمت ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کا کرسی کے لیے نہ صرف ملک بلکہ قومی اداروں کا بھی نقصان کرنا برداشت نہیں کیا جائے گا، عمران خان کی انہی حرکتوں سے پونے 4 سال میں ملک آگے کی بجائے پیچھےگیا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پاک فوج پاکستان کی سرحدوں کی محافظ ہے، آئین اور جمہوریت کا تحفظ بھی پاک فوج کی ذمہ داری ہے، فوج کو سیاست میں گھسیٹنے اور متنازع بنانے کی کوشش ملک سے کھلواڑ کے مترادف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان فوج کو تقسیم کرنے کی سازش کے ساتھ آئین کو پامال کرنے پر بھی تلے ہوئے ہیں، اداروں کو بدنام کرنے کی مہم کا فائدہ ملک دشمن قوتوں کو پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ دوسروں کو غداری کے طعنے دینے والا خود میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کر رہا ہے، عمران ملک کی سلامتی داؤ پر لگانے کی ناکام کوشش میں لگا ہے، خمیازہ اسےخود بھگتنا ہو گا۔