اوپن مارکیٹ میں ڈالرمہنگا ہوکر 160روپے سے تجاوز کرگیا
کراچی (قدرت روزنامہ) اوپن مارکیٹ میں ڈالرمہنگا ہوکر 160روپے سے تجاوز کرگیا، روپے کے مقابلے میں ڈالرکی قدر میں 70 پیسے اضافہ ہوگیا ہے، جس کے ساتھ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 160روپے 20 پیسے ہوگئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالرمہنگا ہوکر 160روپے کی حد عبور کرگیا ہے،اوپن مارکیٹ میں ڈالر 70 پیسے مہنگا ہونے کے بعد ڈالر کی نئی قیمت 160روپے 20 پیسے ہوگئی ہے۔
اس سے قبل رواں سال فروری میں آخری بار ڈالر 160.33 کی سطح پر دیکھا گیا تھا، ڈالر کی قیمت اگست 2020ء میں 168.87 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچی تھی۔ اسی طرح انٹربینک میں بھی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی اونچی اُڑان کا رجحان جاری ہے، امریکی ڈالر 159 روپے کی حد سے تجاوز کرگیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج چوتھے کاروباری روز کے دوران امریکی ڈالر41 پیسے مہنگا ہوگیا ہے، ڈالر کی قیمت 158 روپے 92 پیسے سے بڑھ کر 159 روپے 33 پیسے ہو ئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان رہا، جس کے تحت 100 انڈیکس 805.25 پوائنٹس بڑھنے سے 48 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی ہے، انڈیکس کا اختتام 48053.17 پوائنٹس کی سطح پر ہوا۔ اسی طرح کاروبار میں1.7 فیصد بہتری سے سرمایہ کاروں کو70 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔ مزید برآں سونے کی عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 7 امریکی ڈالر اضافہ ہوگیا ہے۔ جس کے باعث سونے کی قیمت بڑھ کر ایک ہزار 815 امریکی ڈالر ہوگئی ہے۔ عالمی مارکیٹ کے پیش نظر پاکستان میں بھی صرافہ ایسوسی ایشنز نے فی تولہ سونے کی قیمت میں 300 روپے اضافہ کردیا ہے، جس سے فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 9 ہزار700 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح 10گرام سونے کی قدر 257 روپے بڑھنے کے بعد نئی قیمت 94050 روپے ہوگئی ہے۔