شہری اپنا قربانی کے لیے خریدا گیا بیل لے کرپشاور میٹرو بس سٹیشن پہنچ گیا، ٹکٹ دینے کا مطالبہ، مضحکہ خیز ویڈیو سامنے آگئی

پشاور(قدرت روزنامہ) پشاور میں اپنی نوعیت کا ایک منفرد اور مضحکہ خیز واقعہ گزشتہ روز دیکھنے کو ملا ہے جہاں ایک شہری اپنا قربانی کے لیے خریدا گیا بیل لے کر میٹرو بس سٹیشن پہنچ گیا اور عملے سے بیل کے لیے بھی ٹکٹ مانگ لیا۔ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق ایک ویڈیو منظرعام پر آئی ہے جس میں ایک نوجوان اپنے بیل سمیت بی آر ٹی سٹیشن میں گھس آتا ہے اور عملے سے کہتا ہے کہ وہ اپنے بیل کو بی آر ٹی میں سوار کراکے گھر لیجانا چاہتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عملے نے اس آدمی کو ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا گیا اورسٹیشن سے باہر نکال دیا گیا۔ اس نوجوان کے ساتھ ایک اور شخص بھی تھا جواس واقعے کی ویڈیو بنا رہا تھا۔ انہوں نے بعد ازاں یہ ویڈیو اپنے ٹک ٹاک اکاﺅنٹ پر پوسٹ کر دی۔ اس واقعے کے متعلق بی آر ٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں ٹک ٹاک پر موجود اس ویڈیو کی مدد سے شہری کو شناخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ”بی آر ٹی کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔“