اسکول 19 اگست تک بند رہیں گے: وزیرِ تعلیم سندھ

کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ کے وزیرِ تعلیم سردار شاہ کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ میں اسکول 19 اگست تک بند رہیں گے۔وزیر ِتعلیم سندھ سید سردار شاہ نے وزیر برائے یونیورسٹی اینڈ بورڈزاسماعیل راہو کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا کہ 7 محرم سے جلوس شروع ہو جاتے ہیں جس سے بچوں کو تکلیف ہوتی ہے، اس لیے 19 اگست تک اسکول بند رہیں گے، 7 اور 8 محرم کو صورتحال پر نظرثانی کے لیے دوبارہ اجلاس بلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میڈیکل کمیشن کو صوبوں کے ساتھ چلنا پڑے گا، 90ء کی دھائی میں جو اساتذہ بھرتی ہوئے ان سے جان چھڑانی ہے۔
وزیرِ تعلیم سندھ نے کہا کہ ہمیں اپنے تعلیمی نصاب میں جدت لانی ہے، تعلیم صوبائی معاملہ ہے مگر این سی او سی کے پابند ہیں، اساتذہ اور اسٹاف کی ویکسینیشن پر بھی نظر رکھی جائے گی۔سردارشاہ نے یہ بھی کہا کہ کوشش کریں گے کہ وفاق اور صوبے کے فیصلوں میں تضادات دور کریں، ہمیں اپنے نصاب پر نظرِ ثانی کرنا ہو گی، ہم آج تک ریڈیو کے معجزات پڑھا رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیر برائے یونیورسٹی اینڈ بورڈز اسماعیل راہو نے کہا کہ امتحانات میں نقل کی اجازت نہیں ہو گی، اسکول کا نظام بہتر کریں تو والدین اپنے بچوں کو سرکاری اسکول ہی لائیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 10 اگست سے انٹر کے رہ جانے والے پرچے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، امتحانات میں نقل کی اجازت نہیں ہو گی۔