کراچی میں ہونے والے تینوں دھماکوں میں را ملوث ہے، تجزیاتی رپورٹ

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی دھماکوں سے متعلق قانون نافذ کرنے والے ادارے کی تجزیاتی رپورٹ میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں ہونے والے خودکش سمیت تینوں بم دھماکوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کراچی کے علاقے صدر اور کھارادر کی بولٹن مارکیٹ دھماکوں میں تین دہشتگرد گروہوں نے ایک دوسرے کی معاونت کی، رپورٹ کے مطابق متحدہ لندن کے سلیپر سیل سے مبینہ طور پر علاقے کی ریکی کا کام لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ماضی میں اس طرح کے بم بنانے، نصب کرکے دھماکے کرنے کا کام کالعدم بی ایل اے کا طریقہ رہا ہے جبکہ ایس آر اے بھی صوبے کے اندورنی علاقوں میں ایسا کام کرتی رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ دھماکوں میں بم نصب کرنے اور دھماکے میں کالعدم ایس آر اے کی مدد لی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق دھماکوں کا مقصد قانون نافذ کرنے والوں کے ساتھ تجارتی علاقوں کو نشانہ بنانا ہے۔