وزیراعظم کے احکامات پر ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، خواتین کی ویڈیو بنانے والے دو پاکستانی گرفتار
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم کے احکامات پر ایف آئی اے کی جانب سے بڑی کارروائی کے نتیجے میں خواتین کی ویڈیو بنانے والے دو پاکستانی گرفتار کرلیئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے ترکی میں خواتین کی خفیہ وڈیوز بنا کر وائرل کرنے والے دو پاکستانی شہریوں کو گرفتار کیا ہے جن کی شناخت محمد جنید اور امیر خان کے نام سے ہوئی ہے۔ایف آئی اے کے مطابق محمد جنید اور امیر خان ترکی میں گلیوں میں چھپ کر خواتین کی خفیہ ویڈیو بناتے تھے جو کہ سوشل میڈیا پر وائرل کی جاتی تھیں۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ ترک عوام نے ان مجرمانہ حرکات پر زبردست غم وغصے کا اظہار کیا تھا اور دونوں افراد کو ملک بدر کر دیا گیا تھا۔اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم نے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کے فوری احکامات جاری کیے تھے جس کے بعد دو الگ الگ آپریشنز میں ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ایف آئی اے نے بتایا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔اسکے علاوہ غیر قانونی ٹریفکنگ میں ملوث تمام ایجنٹس کے خلاف کریک ڈاون شروع کر دیا گیا ہے۔