‘شہباز حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کو دی گئی سیکیورٹی واپس لے لی’

.اسلام آباد (قدرت روزنامہ) حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کو پولیس کی دی گئی سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ سابق وزیراعظم کوپولیس کی دی گئی سیکیورٹی واپس لے لی گئی، اسلام آبادپولیس کےتمام لوگوں کوکل شام واپس بلا لیا گیا۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ مجرمہ مریم صفدرکووزیراعظم کے برابر سیکیورٹی دی جا رہی ہے ، دوسری طرف امت مسلمہ کے لیڈر سے سیکیورٹی واپس لے لی ، امپورٹڈ حکومت کی گھٹیا حرکتیں۔


ایک اور ٹوئٹ میں پی ٹی آئی رہنما نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہباز شریف ملک میں مہنگائی افراتفری کی آگ لگا کر خود پورے ٹبر کے 54 افراد کے ساتھ ترکی میں عیاشیاں فرما رہے ہیں، پینٹ کوٹ پہن کر بننا جان ایف کینیڈی اور ات کرنے کے وقت پرچیاں پڑھنی، حکومت ایک سازش اور کرپٹ سوچ کے تحت لائی گئی انشاللہ ذلت ان کا مقدر ہے۔


یاد رہے گذشتہ ماہ وزیراعظم شہباز شریف کو عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی کے لیے مراسلہ بھجوایا گیا تھا ، جس میں کہا تھا کہ فول پروف سیکیورٹی نہ دینے پر عمران خان کو سیکیورٹی خدشات ہوسکتے ہیں۔
مراسلے کے مطابق حکومت نے مریم نواز کو بھی فول پروف سیکورٹی فراہم کر رکھی ہے، فول پروف سیکیورٹی فراہم نہ کی گئی تو عدلیہ سے رجوع کیا جائے گا۔