جب سے دُعا گئی، اُس کی الماری تک کھول کر نہیں دیکھی: والدہ دُعا زہرہ
کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی سے مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والی دعا زہرا کی والدہ نے کہا ہے کہ جس دن سے اُن کی بیٹی گھر سے گئی ہے، اُنہوں نے بیٹی کی الماری کھول کر نہیں دیکھی۔
سوشل میڈیا پر دُعا زہرا کی والدہ کے انٹرویو کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں اُنہوں نے کہا کہ یقین کریں جب سے میری بیٹی گئی ہے، میں نے اُس کی الماریاں کھول کر نہیں دیکھی کیونکہ جب دُعا کے کپڑے دیکھتی ہوں تو مجھے اُس کے واپس آنے کی اُمید ہوتی ہے۔
دُعا زہرا کی والدہ نے ظہیر احمد کے اہلخانہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللّہ کے واسطے میری بیٹی کو چھوڑ دیں، آپ ہم سے دور چلے جائیں گے، ہم آپ کو کچھ نہیں کہیں گے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم بہت اذیت میں ہیں، ایک ماں کی بددعا نہیں لیں اور ہمیں ہماری بچی واپس دے دیں۔واضح رہے کہ دعا زہرہ اور اس کے شوہر ظہیر کے سیالکوٹ میں ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرہ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔