بی جے پی رہنماؤں نے مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے، شیری رحمٰن

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی رہنماؤں کے توہین آمیز بیانات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی رہنماؤں نے مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شیری رحمٰن نے کہا کہ پیارے نبی ﷺ کے بارے میں بی جے پی رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نا صرف بھارت بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، عالمی دنیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اس کا نوٹس لیں۔


ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت حساس مذہبی معاملات پر لوگوں میں نفرت پھیلا رہی ہے، عالمی دنیا کا رواداری کا معیار باقی ممالک کے لیے الگ اور مودی کے لیے الگ نہیں ہو سکتا۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ بھارتی انتہا پسندی دنیا کے لئے ایک خطرہ بن چکی ہے، بی جے پی رہنماؤں کی صرف پارٹی رکنیت معطل کرنا کافی نہیں، مودی سرکار کو دنیا کے تمام مسلمانوں سے باضابطہ معافی مانگنی چاہیے۔خیال رہے کہ بی جے پی ترجمان نوپور شرما نے بھارتی چینل پر اسلام سے متعلق گستاخانہ گفتگو کی تھی۔