بھارت میں پیغمبرؐ کی توہین سے مسلمانوں کے احساسات مجروح ہوئے، فرح عظیم شاہ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے بی جے پی کی طرف سے پیغمبرؐ کیخلاف توہین آمیز تبصرے پر سختی سے مذمت کرتے ہوئے دنیا سے نوٹس لینے اور بھارت کی سرزنش کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا مودی کی قیادت میں بھارت مذہبی آزادیوں کو پامال کر رہا ہے اور مسلمانوں پر ظلم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اور اقوامِ متحدہ کو بھارت میں مسلمانوں پر ظلم وزیادتی اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے احساسات کو مجروح کرنے کا نوٹس لینا چاہیے اور بھارت کو سخت سرزنش کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی نبی کریمؐ سے محبت سب سے زیادہ ہے اور وہ حضورؐ کے لیے جان بھی قربان کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے تبصروں سے ناقابل قبول ریمارکس سے نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ دنیا بھر کے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔ بی جے پی کی جانب سے وضاحت کی کوشش اور ان افراد کیخلاف تاخیر سے کی جانے والی تادیبی کارروائی سے مسلم دنیا کے لیے جو تکلیف اور پریشانی ہوئی ہے اسے کم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بھارت میں مسلمانوں کیخلاف فرقہ وارانہ تشدد اور نفرت میں خطرناک حد تک اضافے پر بھی گہری تشویش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کیا جارہا ہے۔