کے الیکٹرک کو عامر لیاقت کی موت کا ذمہ دار قرار دینے کیلئے درخواست دائر
کراچی(قدرت روزنامہ) کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے الیکٹرک) کے خلاف ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے قتل کا مقدمہ درج کرانے کیلئے شہری نے بریگیڈ تھانے میں درخواست جمع کرا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق درخواست گزار حاجی لیاقت کی جانب سے بریگیڈ تھانے میں جمع کرائی گئی درخواست میں عامر لیاقت کی موت کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کا تعلق مہاجر قومی موومنٹ سے ہے اور وہ شارع قائدین پر ڈاکٹر عامر لیاقت کے گھر کے قریب رہائش پذیر ہیں۔
حاجی لیاقت نے درخواست میں کہا ہے کہ معروف ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی موت کی خبر سوشل میڈیا پر دیکھی اور فوری ان کے گھر پہنچا تو ان کی میت چھیپا ایمبولینس میں رکھی جارہی تھی، عامر لیاقت کی موت گھر میں جنریٹر کا دھواں بھرجانے سے ہوئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے علاقے میں 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی تھی اور اسی لوڈ شیڈنگ نے ایم این اے عامر لیاقت حسین کی جان لی، کے الیکٹرک کے مالک اور جی ایم بہادر آباد زون ٹیپو سلطان روڈ اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور دیگر شہریوں کو قتل ہونے سے بچایا جائے۔