پاکستان

عمران خان کا 10روپے پٹرول پر کم کرنا مجرمانہ فیصلہ تھا، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے روس سےسستا تیل آفر کرنے کی باتیں بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا عمران خان کا 10 روپے پٹرول پر کم کرنا مجرمانہ فیصلہ تھا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر 10کلو آٹے کا تھیلا400روپے کردیاگیا ہے ، یوٹیلیٹی اسٹورزکی تعداد کےپی میں کم ہے، اس لئے کے پی میں بھی یوٹیلٹی اسٹورز پر یکم جون سے آٹے کو 400 روپے 10 کلو کر دیا تھا۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ کے پی میں 6 جون 2022 سے 100موبائل یونٹس قائم کئےگئے، 9 جون کوفوری طور پر 500 زائداسٹیشنری آٹے کے یونٹس قائم کئے گئے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں سستے آٹے کے بعد سستاگھی اسکیم شروع ہو چکی ہے ، شہری کسی بھی یوٹیلیٹی اسٹورزکیخلاف شکایت درج کراسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں آٹے کی قیمت 35 روپے فی کلو اور ایک کلوگھی کی قیمت 150روپے تھی، گھی پچھلے 4 سال میں 575 روپے کلو تک فروخت کیا گیا۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ 9جون سےگھی کی قیمت میں سبسڈی کی شروعات ہوئیں، گھی پر سبسڈی 300 روپے کلو کردی گئی، بجٹ میں 17 ارب روپے کی سبسڈی سستاآٹا،گھی،چینی کیلئے مختص ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ مہنگائی کو مدنظر رکھ کر کیا جارہا ہے، اسوقت حکومت عوام کو صرف ریلیف دینا چاہتی ہے، یہ عملی اقدامات ہیں جو ڈیڑھ ماہ میں کئے گئے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہ ایک کروڑ نوکری اور 50 لاکھ گھرانوں کی کہانی نہیں ہے، موجودہ حکومت عوام کومہنگائی میں ریلیف دینے کا سوچ رہی ہے اور معاشی استحکام کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ زراعت کے آلات اور بیجوں کو زیرو ٹیکس کر دیا گیا ہے ،حکومت صرف اور صرف عوام کو ریلیف دینےکیلئے اقدامات کررہی ہے۔
سابقہ حکومت کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ 2018 میں معیشت 6 فیصد کی گروتھ پرتھی، مہنگائی کی شرح عمران خان دور میں 16 فیصد پر گئی، عمران خان اورآئی ایم ایف کا معاہدہ پبلک ہوچکاہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کوپتاچلاکہ عدم اعتمادکامیاب ہونےلگی ہے، عمران خان نے 10 روپے پٹرول پر کم کرکے مجرمانہ فیصلہ کیا تھا، عمران خان نے جان بوجھ کرفیصلہ کیا اوربارودی سرنگ بچھادی، ہم آئے تو قومی خزانےمیں پیسہ موجود نہیں تھا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے فیصلے میں ای سی سی ،کابینہ کی کوئی رائے نہیں تھی، ہمارے ملک میں پٹرول مہنگا خرید کر سستا فروخت کیا جارہا ہے۔انھوں نے روس سے سستا تیل آفرکرنے کی باتوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا حکومت پاکستان کو کوئی سستا تیل کی آفر نہیں تھی، پاکستان میں روسی سفیرکی جانب سے بھی بیان آچکا ہے، ہم عوام کو ریلیف دینے کیلئے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں