نوازشریف کے پاس مشرف کی واپسی کی حمایت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں: شیخ رشید

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ نوازشریف کے پاس پرویز مشرف کی واپسی کے فیصلے کی حمایت کے علاوہ کوئی اور دوسرا راستہ نہیں تھا۔
ٹوئٹر پر جار ی بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کا ایجنڈا اپنے کیسز ختم کرنا اور آئی ایم ایف کی مہنگائی مسلط کرنا ہے، عالمی سازش کی عدم اعتماد تحریک کی شروعات بھی لندن سے ہوئی، اب نواز شریف کو پاکستان آنے سے کس نے روکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پنجاب میں آئین کے برخلاف دو اجلاس ہو رہے ہیں جس کی پاکستان اور دنیا میں کوئی مثال نہیں۔پرویز مشرف سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کو فوج اور اس کی قیادت نے پاکستان واپس بلا کر درست اور جرات مندانہ فیصلہ کیا، نوازشریف کے پاس اس فیصلے کی حمایت کے علاوہ کوئی اور دوسرا راستہ نہیں تھا۔


انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے تمام آرمی چیفوں کے خلاف نوازشریف نے لڑائی لڑی اور سیاسی بحران پیدا کیا اور مطلب پڑنے پر ان کے آگے گھٹنے ٹیکے۔