حالیہ بارشوں کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ مون سون کی بارشوں کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کو بچانے کے لیے ملک میں سیلاب جیسی صورتحال سے بچنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ زرعی پیداوار متاثر ہونے سے مہنگی خوراک درآمد کرنا پڑے گی، وفاقی اور صوبائی حکام سیلاب جیسی صورتحال، مٹی کے تودے گرنے سے بچاؤ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔انہوں نے کہا کہ پانی کے انتظام اور سیلاب سے بچاؤ میں شامل مختلف صوبائی اور وفاقی محکموں کے درمیان موثر روابط یقینی بنانا ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پانی کی اہمیت جاننے اور اس قدرتی ذخیرے کو محفوظ بنانے کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی۔واضح رہے کہ شہر کراچی میں بارشوں کا آغاز ہوگیا ہے جس کی وجہ سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے جبکہ یہ سلسلہ 3 روز تک جاری رہے گا۔اس حوالے سےمحکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں رم جھم کا سلسلہ تین روز تک جاری رہے گا۔
بارش کے بعد سڑکوں پر پھسلن کے باعث متعدد موٹر سائیکل سوار سلپ ہوگئے ہیں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی شہر کا موسم آج ابر آلود اور جزوی ابر آلود رہے گا جس دوران درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔