100 بچوں کے قاتل جاوید اقبال کی زندگی پر فلم کی شوٹنگ شروع، سیریل کلر کا کردار کون نبھا رہا ہے؟
کراچی(قدرت روزنامہ) لاہور میں 100 بچوں کو قتل کرکے ان کی لاشیں تیزاب میں پگھلانے والے سیریل کلر جاوید اقبال کی زندگی پر فلم بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق 100 بچوں کے ساتھ زیادتی کرکے انہیں سفاکی سے قتل کرنے والے سیریل کلر جاوید اقبال کے گھناؤنے جرائم پر فلم بننے جارہی ہے۔ فلم میں معروف اداکار یاسر حسین، جاوید اقبال کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل عائشہ عمر پولیس افسر کا کردار نبھارہی ہیں جو جاوید اقبال سے تفتیش کرنے کے بعد اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرتی ہیں۔
یاسر حسین اور عائشہ عمر کے علاوہ اس فلم میں ٹی وی اور تھیٹر کے منجھے ہوئے اداکار بھی کام کررہے ہیں۔ فلم کی شوٹنگ کا آغاز ہوچکا ہے۔ فلم کے لکھاری و ہدایتکار ابوعلیحہ ہیں جو اس سے قبل ونس اپان آ ٹائم ان کراچی، لاک ڈاؤن اور ادھم پٹخ جیسی فلمیں بناچکے ہیں۔ “کے کے فلمز” کے بینر تلے جاوید احمد کاکے پوتو فلم پروڈیوس کررہے ہیں۔