کراچی میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش
کراچی (قدرت روزنامہ)ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش جاری ہے۔ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی شہر کے شمال مشرق میں بارش برسانے والے بادل بن رہے ہیں، جبکہ کیرتھر، بدین، ٹھٹھہ اور نوری آباد کی جانب گرج چمک والے بادل بن رہے ہیں۔
ماہرینِ موسمیات نے یہ بھی کہا ہے کہ سونمیانی اور گڈانی میں بارش برسانے والا سسٹم بن رہا ہے، یہ بادل کراچی کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں، 2 گھنٹے کے دوران شہر میں کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔اس سے قبل چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا تھا کہ آج دوپہر 2 بجے بارش شروع ہو سکتی ہے، آج کا یہ اسپیل رات دیر تک جاری رہ سکتا ہے۔
یہ بات چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں بات کرتے ہوئے کہی تھی۔انہوں نے بتایا کہ آج تیز اورمعتدل بارشوں کا امکان ہے، شہر میں کہیں کہیں تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ کراچی میں آج دوپہر اور شام میں اچھی بارشیں متوقع ہیں، شہر میں کل اور پرسوں بھی بارش کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مون سون ہواؤں کا رخ سندھ اور بلوچستان کی طرف ہے، عید الاضحیٰ پر بھی کراچی میں بارش کا امکان موجود رہے گا۔
سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا تھا کہ بارش برسانے والا سسٹم کمزور ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے سندھ میں زیادہ بارشیں نہیں ہوئیں۔واضح رہے کہ گزشتہ رات کراچی کے مختلف علاقوں ناگن چورنگی، بفر زون اور اطراف میں ہلکی بارش ہوئی تھی۔دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آج بلوچستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، ریلوں اور آندھی چلنے سے نقصانات کا خطرہ بھی ہے۔محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ شمالی بلوچستان تک پھیل گیا ہے، کوہ سلیمان، فورٹ منرو، درابند اور دھانہ سر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔