حلیم عادل کی گرفتاری پر بیٹی کا ویڈیو بیان سامنے آگیا
کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر ان کی بیٹی عائشہ حلیم کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا ہے۔
حلیم عادل شیخ کی بیٹی عائشہ عادل نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنا ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے اپنے والد کی گرفتاری سے متعلق بات کی ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں عائشہ حلیم نے کہا ہے کہ میرے والد حلیم عادل شیخ لاہور کے جس ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے وہاں سے گزشتہ شب ساڑھے 3 بجے 8 سے 9 نامعلوم افراد اُنہیں اُٹھا کر لے گئے، میری فیملی سمیت وکیل میں سے کوئی نہیں جانتا کہ وہ لوگ میرے والد کو کہاں لے کر گئے ہیں کیونکہ اُن افراد کے پاس نہ وارنٹ تھا اور نہ ہی آرڈرز تھے۔
I want to ask if there is any institution in this country that can tell me where my father is or who has taken him? He was picked up from his hotel in Lahore at 3:30 am by men in civilian clothing, we have no idea where he is right now or if he is safe! #WhereIsHaleemAdil pic.twitter.com/oFim9Z7K2f
— Ayesha Haleem Adil Sheikh (@ayesha_haleem) July 6, 2022
عائشہ حلیم نے کہا کہ میرے والد کچھ دن پہلے ہی اپنی جان کے خطرے کا خدشہ ظاہر کر چکے تھے، اس حوالے سے اُنہوں نے متعلقہ شخصیات بشمول چیف جسٹس آف پاکستان کو ایک خط بھی لکھا تھا جس میں بتایا تھا کہ اُن کی جان کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ ہماری کالونی میں گھر کے قریب 20 سے 25 موبائلز موجود تھیں جو کالونی میں آنے جانے والے لوگوں کو چیک کر رہی تھیں۔
پی ٹی آئی رہنما کی بیٹی نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ہمارے ملک میں کوئی ایسا ادارہ موجود ہے جو ہمیں یہ بتا سکے کہ میرے والد کو کون لوگ لے کر گئے اور وہ اس وقت کہاں ہیں؟ وہ محفوظ ہیں یا نہیں؟ اور اُن کا جُرم کیا ہے؟
حلیم عادل کی بیٹی نے مزید کہا کہ میرے والد کے ساتھ پہلی بار نہیں ہوا ہے، اس سے پہلے حکومت نے اُن پر دہشت گردی کے چارجز لگائے تھے، اگر وہ ووٹ ڈالنے بھی جائیں تو اُن پر کیس بنا دیا جاتا ہے، آخر اس ملک میں کیا ہو رہا ہے؟واضح رہے کہ حلیم عادل شیخ کو رات گئے لاہور کے نجی ہوٹل سے حراست میں لیا گیا تھا۔پولیس کی جانب سے تاحال ان کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔