مس مارول سیریز : فواد خان کی شاندار انٹری نے مداحوں کو خوش کردیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مس مارول سیریز میں بالآخر پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کی شاندار انٹری نے مداحوں کو خوش کردیا۔مارول اسٹوڈیوز کے بینر تلے اور پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے کی ڈائریکشن میں بننے والی اس سیریز میں پاکستانی گانوں اور پاکستانی فنکاروں کی اداکاری کے چرچے جاری ہیں ۔
اس سریز میں ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کے فنکاروں سمیت پاکستانی فنکاروں نے کمال کردکھایا ہے تاہم ویب سریز کی 5 ویں قسط میں اداکارہ مہوش حیات اور فواد خان کی کیمسٹری نے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں
فواد خان کی انٹری پر مداح نہ صرف پرجوش ہیں بلکہ کھل کر سوشل میڈیا پر اپنی خوشی کا اظہار بھی کرتے نظر آ رہے ہیں۔ مس مارول کی تازہ ترین قسط میں فواد خان کا طویل کردار نظر آیا وہ کمالہ خان کے پردادا (حسن) کے روپ میں جلوہ گر ہوئے جبکہ مہوش حیات کمالہ خان کی پردادی(عائشہ) کا کردار نبھاتے نظر آئیں۔
نئی قسط میں ایک بار پھر تقسیم برصغیر سے قبل کا دور فلمایا گیا جس میں فواد خان کو تحریک آزادی کے رہنما کے طور پر متعارف کرایا گیا۔


طویل عرصے بعد فواد خان کو اپنی جاندار اداکاری کے جوہر دکھاتے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین خوشی سے پھولے نہیں سما رہے اور ان کو سراہنے کے لیے بھرپور انداز میں اپنے جذبات کا اظہار کررہے ہیں۔