اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری کبھی بھی میرا ایشو نہیں رہا . میں اپنی فوج کو کبھی کمزور نہیں دیکھ سکتا .
عمران خان نے مزید کہا کہ سرحدوں پر ڈیوٹی دینے والے جوان میرے بچوں کی طرح ہیں .
لاہور میں ملکی سیاسی صورتحال پر سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن پر ہر ایک سے بات کرنے کو تیار ہیں .
انہوں نے کہا کہ الیکشن پر جو بھی بات کرنا چاہتا ہے تحریک انصاف کے دروازے کھلے ہیں . ان کا کہنا تھا کہ جنہیں مسلط کردیا گیا ہے، ڈر ہے کہ وہ ملک کا کیا حال کر دیں گے، مجھے اپنی نہیں ملک کی فکر ہے .
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ آج عوام جن مشکلات سے دوچار ہیں ان کے لیے آواز بلند کر رہا ہوں . ساتھ میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ معیشت اور ملک کے ہر بحران کا بہتر حل الیکشن ہیں .