دوسرا ٹیسٹ: پاکستان کو جیت کیلئے 508 رنز کا ہدف

گال (قدرت روزنامہ)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 360 رنز پر ڈکلیئر کردی اور پاکستان کو جیت کے لیے 508 رنز کا ہدف دے دیا۔
سری لنکا کی طرف سے دننجیا ڈی سلوا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 109 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ رمیش مینڈس نے ناقابل شکست 45 رنز بنائے۔سری لنکن کپتان دیمتھ کرونا رتنے 61 اور اینجیلو میتھیوز 35 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے نسیم شاہ اور محمد نواز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نعمان علی، آغا سلمان اور یاسر شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔تیسرے دن کا کھیل کم روشنی کی وجہ سے وقت سے پہلے روک دیا گیا تھا، سری لنکا نے تیسرے روز کے اختتام تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی پہلی اننگز
پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 231 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی، جس سے سری لنکا کو دوسری اننگز شروع کرنے سے پہلے ہی 147 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔گرین کیپ کی اننگز کو کچھ سہارا سلمان آغا نے دیا، جو 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
قومی کی جانب سے امام الحق 32، محمد رضوان اور فواد عالم 24، 24 جبکہ کپتان بابر اعظم 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی طرف سے رمیش مینڈس نے 5 اور پراباتھ جے سوریا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسیتھا فرنینڈو اور دننجیا ڈی سلوا نے ایک ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔
سری لنکا کی پہلی اننگز
واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 378 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔چندی مل 80 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، نسیم شاہ اور یاسر شاہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔