عوام کے لیے خوشخبری،حکومت نے بڑا اعلان کر دیا

لاہور (قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر ہاؤسنگ،اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ میں بریفنگ اجلاس ہوا۔سیکرٹری ہاؤسنگ شکیل احمد نے محکمے کے امور اور جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر نے مال روڈ کو خوبصورت بنانے کیلئے پلان طلب کر لیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ مال روڈ پر پی ایچ اے کی اجازت کے بغیر کوئی بل بورڈ نہیں لگے گا۔بے ڈھنگے بل بورڈز، پوسٹرز اور بینرز مال روڈ سے ہٹائے جائیں۔

صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ایل ڈی اے میں ون ونڈو آپریشن کی سہولت کو بہتر بنایا جائے اورادارے میں مقدمہ بازی کے خاتمے کے لیے مؤثر لائحہ عمل بنایا جائے،غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام بھی یقینی بنائی جائے۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کو خوبصورت بنانے کی سکیموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے۔ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا حق ہے، حکومت یہ حق اسے ہر قیمت پر دے گی۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے آؤٹ آف دی باکس سلوشن لے کر آئیں۔ فراہمیٔ آب کی سکیموں کو چلانے کیلئے پائیدار میکنزم بنایا جائے، واسا کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پی ایچ اے شجر کاری مہم اوربزنس پلان دے۔ میاں اسلم اقبال نے دیہی علاقوں میں ڈرینج سسٹم کو بہتر بنانے اورکمزور طبقات کو سستے گھروں کی فراہمی کا جامع پلان طلب کر لیا۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کے 100 فیصد استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ عوام کو خدمات کی فراہمی کے عمل میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہمیں ایک ٹیم کے طور پر مل کر عوام کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ شکیل احمد، ایم ڈی واسا غفران احمد اور دیگر ترقیاتی اداروں کے حکام کے علاوہ متعلقہ افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔