اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اسلام آباد کی مقامی عدالت میں شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی . جیو نیوز کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ نے شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کی ضمانت منظور کرلی ہے .
عدالت نے شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کی 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی . یاد رہے کہ شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کی گرفتاری پر تنقید کے بعد مریم نواز نے بھی خاتون کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا .
اسلام آباد پولیس نے گزشتہ روز شہباز گل کے فون کی برآمدگی کے لیے ان کے ڈرائیور کے گھر چھاپہ مارا . چھاپے کے دوران ڈرائیور فرار ہوگیا . پولیس نے ڈرائیور کی اہلیہ اور برادر نسبتی کو گرفتار کیا . بعد ازاں اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ اور برادر نسبتی کی گرفتاری سے متعلق سماعت ہوئی تھی .
جوڈیشل مجسٹریٹ سلمان بدر نے خاتون ملزمہ کو جیل بھیج دیا تھا .
عدالت نے ملزم نعمان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا . واضح رہے کہ اس سے پہلے پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے موبائل فون کی برآمدگی کیلئے ڈرائیور کے گھر پر چھاپہ مارا . شہباز گل کا ڈرائیور فرار ہو گیا . پولیس نے کہا کہ چھاپے کے دوران ڈرائیور کی اہلیہ اور برادر نسبتی کو گرفتار کر لیا گیا . خاتون اور اسکے بھائی کیخلاف تھانہ آبپارہ میں کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کر لیا گیا .
مقدمے میں خاتون اور اسکے بھائی پر پولیس پر حملہ اور وردی پھاڑنے کا الزام عائد کیا گیا . مقدمے کے متن کے مطابق شہباز گل نے تفتیش کے دوران موبائل فون ڈرائیور کے پاس ہونے کا انکشاف کیا تھا . آج اسلام آباد کی مقامی عدالت میں شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی . جوڈیشل مجسٹریٹ نے شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کی ضمانت منظور کرلی ہے .