وزیراعظم شہباز شریف کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ملائیشیا کے ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارکباد
اعزاز پاکستان اور ملائیشیا کی دیرینہ دوستی کا بھی عکاس ہے، معرکۂ حق میں قیادت، دفاعِ وطن کے لیے غیر متزلزل عزم اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کرنے کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم میں شامل کیے جانے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ اعزاز پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ دوستی اور مضبوط تعلقات کا بھی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت، دفاعِ وطن کے لیے ان کا غیر متزلزل عزم، امن کے فروغ میں کردار اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کرنے کی کوششیں اس اعزاز کو بجا طور پر ان کا مستحق بناتی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز پاکستان کی مسلح افواج کے ان بہادر مردوں اور خواتین کا بھی ہے جن کی جرأت، لگن اور قربانیاں ملک کے دفاع کو یقینی بناتی ہیں۔
شہباز شریف نے پاکستان کے عوام کے عزم، استقامت اور غیر متزلزل حمایت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی یہ حمایت ملک کی طاقت کا اہم ذریعہ ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام کے اختتام پر پاکستان کی مسلسل ترقی، خوشحالی اور قومی مقاصد میں کامیابی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
