ایل پی جی کی نئی قیمتوں کے تعین کی پالیسی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج، معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت کی جانب سے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں کے تعین کے لیے متعارف کرائی گئی نئی پالیسی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے، عدالت نے پالیسی پر عمل درآمد روکنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی، جس میں نئی قیمتوں کے تعین کے رہنما اصولوں کو آئینی بنیادوں پر چیلنج کیا گیا ہے۔
دورانِ سماعت درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی متنازع ایل پی جی پالیسی پر عمل درآمد اور اس کے نفاذ کو فوری طور پر معطل کیا جائے۔
درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی کہ مقدمے کا حتمی فیصلہ ہونے تک آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو نئی پالیسی کے تحت کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے سے روکا جائے۔
وکیل نے مزید استدعا کی کہ معاملے پر قانونی معاونت کے لیے اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کیا جائے تاکہ عدالت کو وفاقی حکومت کی پالیسی کے قانونی اور آئینی پہلوؤں سے آگاہ کیا جا سکے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے پالیسی معطل کرنے کی مخالفت
دوسری جانب ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ نے ایل پی جی کی نئی قیمتوں کے تعین سے متعلق پالیسی کے رہنما اصولوں کو معطل کرنے کی درخواست کی سخت مخالفت کی۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ایسا کوئی عبوری حکم جاری نہ کیا جائے جس سے حکومت کی نئی پالیسی پر عمل درآمد رک جائے۔
عدالت نے فریقین کے ابتدائی دلائل سننے کے بعد ایل پی جی کی نئی پالیسی پر عمل درآمد معطل کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
اب عدالت کی جانب سے محفوظ فیصلہ سنائے جانے کا انتظار ہے، جس کے بعد نئی پالیسی کے نفاذ اور اس کے مستقبل کے حوالے سے صورتحال واضح ہوگی۔
