وزیرخزانہ کے پی ٹی آئی سے عمران خان کی کرپشن کے بارے چند سوالات

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے پی ٹی آئی سے عمران خان کی کرپشن کے بارے سوالات پوچھ لیے، انہوں نے کہا کہ کیا عمران خان نے ضبط شدہ 190ملین پاؤنڈ اپنے اے ٹی ایم کو واپس نہیں کیے؟ کیا یہ کرپشن نہیں ہے؟ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پی ٹی آئی کے دوستوں سے کچھ سوالات کرنا چاہتا ہوں، کیا عمران خان نے ضبط شدہ 190ملین پاؤنڈ اپنے اے ٹی ایم کو واپس نہیں کیے؟ کیا عمران خان نے کابینہ سے یہ بات نہیں چھپائی؟ کیا سینکڑوں ایکڑ زمین اپنے اور بیوی اور فرح گوگی کے زیرکنٹرول ٹرسٹ کے بدلے نہیں ملی؟ کیا یہ کرپشن نہیں ہے؟ اسی طرح وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی،ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں ضرب المثل ‏شرم تم کو مگر نہیں آتی! شیئرکرتے ہوئے کہا کہ قوم میں امریکہ کیخلاف سازش تھیوری گھڑ کے ہیجان پیدا کیا ہوا ہے خود امریکہ سے ترلوں اور معافیوں پہ اترا ہوا ہے۔
پہلے ایلچی بھیجے، پھر سفیر سے خود منت سماجت کی اور لابییسٹ رکھ کے معافی تلافی پہ کام ہو رہا ہے۔اس کپتان کے کتنے چہرے ہیں کمپیوٹر بھی پریشان ہے۔ اس سے قبل تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کیخلاف وفاقی وزیر احسن اقبال کی پوسٹ پر ردّ عمل دیتے ہوئے کہا کہ کاغذات کے اردو ترجمے کے لیے کہہ دیا ہے تا کہ لائق فائق صحافی اور وزراء کو سمجھ آ سکے۔
فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ کاغذات کے اردو ترجمے کے لیے کہہ دیا ہے تا کہ لائق فائق صحافی اور وزراء کو سمجھ آ سکے، یہ لابی فرم نہیں ہے بلکہ میڈیا ریلیشن شپ کی فرم ہے جو پی ٹی آئی امریکا نے میڈیا میں اپنا نکتہ نظر اجاگر کرنے کے لیے انگیج کی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ان کمپنیز کا کام ہوتا ہے کہ وہ میڈیا اور پارٹی میں تعلقات کار بنائیں۔
واضح رہے کہ (ن )لیگی رہنما احسن اقبال کی جانب سے پاکستان تحریکِ انصاف اور امریکی لابنگ فرم کے درمیان معاہدے کی تفصیلات سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہیں۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ شرم تم کو مگر نہیں آتی، عمران خان نے قوم میں امریکا کے خلاف سازشی تھیوری گھڑ کے ہیجان پیدا کیا ہوا ہے، عمران خان امریکا سے ترلے اور معافی پر اتر آیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert