ایک ہزار گولز کا خواب حقیقت بننے کے قریب، رونالڈو نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا

پرتگال (قدرت روزنامہ)پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا۔ سعودی کلب النصر کی جانب سے گول اسکور کرکے انہوں نے اپنے کیریئر کے مجموعی گولز کی تعداد 987 کرلی ہے اور اب وہ ایک ہزار گولز مکمل کرنے سے صرف 13 گول دور ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق النصر نے ریاض کے الاوّل پارک میں کھیلے گئے اے ایف سی چیمپئنز لیگ ایلیٹ کے مقابلے میں قطری کلب السد کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے دی۔
رونالڈو نے میچ کے ابتدائی حصے میں پنالٹی پر گول کرکے النصر کو برتری دلائی، تاہم السد کے محمد وعد نے کچھ ہی دیر بعد گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
رونالڈو نے ایک اور گول بھی اسکور کیا، لیکن وی اے آر جائزے کے بعد اسے آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کردیا گیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر محمد وعد کو خطرناک فاؤل پر ریڈ کارڈ دکھایا گیا، جس کے بعد السد کو دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔
دوسرے ہاف میں النصر کے پرتگالی کھلاڑی ژواؤ فیلکس نے شاندار بائی سائیکل کک کے ذریعے فیصلہ کن گول اسکور کیا اور اپنی ٹیم کو 2 کے مقابلے میں 1 گول سے فتح دلادی۔
اس کامیابی کے ساتھ رونالڈو کے کیریئر کے مجموعی گولز 987 ہوگئے ہیں۔ اب ان کے مداحوں کی نظریں اس تاریخی لمحے پر ہیں جب وہ ایک ہزار گولز کا سنگ میل عبور کریں گے۔
