فارن فنڈنگ میں ہم حساب کتاب رکھنے پر پکڑے گئے

لاہور(قدرت روزنامہ) صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ میں ہم حساب کتاب رکھنے پر پکڑے گئے، الیکشن اچھا حل ہے مل بیٹھ کر طے کریں کب الیکشن کرانے ہیں، سیاستدانوں کو ہمیشہ اداروں پر تنقید کرنے سے روکا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنرہاؤس لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کی۔
اس موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ ملک کے موجودہ معاشی اور سیاسی حالات بارے سب کو سوچنا ہوگا۔ سیاستدانوں کو اپنی انا ختم کرکے ایک میز پر بیٹھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ملک کے لیے اپنا کردار ادا کروں۔ سیاستدانوں کو ہمیشہ اداروں پر تنقید کرنے سے روکا ہے، ملک کی خاطر شہباز شریف اور عمران خان سے بات کرنے کو تیار ہوں۔
میری کوشش ہو گی نفرتیں کم ہوں اور جلد انتخابات کیلئے ماحول سازگار بنایا جا سکے۔ وفاق اور صوبوں کا تنازعہ ملک کے لیے خطرناک ہے۔ وزیراعظم کی طرف سے 85 سمری بھجوائی گئیں سب پر سائن کیے صرف 2 واپس کیں۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کی سمری واپس کی۔ نیوز ایجنسی این این آئی کے مطابق صدرمملکت نے کہا کہ پارٹی سیکرٹری کے طور پر میں نے اسد قیصر اور سیما ضیاء کو اکاؤنٹ کھولنے کا کہا، امریکہ اور کینیڈا میں قانون کے مطابق کمپنی کھولنے پر کہا کہ پرائیویٹ کمپنی ہے، امریکی قانون کے مطابق فنڈنگ کے لئے کمپنی بنانا ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو کلاس روم کی طرح گھنٹی بجا کر تو نہیں بٹھایا جا سکتا، پریشان ہوں اور محسوس کرتا ہوں خلیج بڑھتی جارہی ہے ، اسے کم کرناچاہیے ۔ مجھے کوئی کامیابی نظر آئی تو ضرور کہوں گا ایک میز پر بیٹھ جائیں ۔ایک سوال پر صدر مملکت نے کہا کہ کیا ایمنسٹی دے کر سب کو کلیئر کر دیا جائی۔ سیاستدانوں کو ایک میز پر بٹھانے کی ضرورت ہے ،صدر کی حیثیت سے خود اکٹھا نہیں کر سکتا کہہ ہی سکتا ہوں۔ سیاستدانوں کو سمجھاتا رہا ہوں فوج کو زیر بحث نہ لایا جائے۔ نجی ٹی وی چینل 92 نیوز کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ فارن فنڈنگ میں ہم حساب کتاب رکھنے پر پکڑے گئے، پارٹی سیکرٹری کے طور پر میں نے اسد قیصر اور سیما ضیاء کو اکائونٹ کھولنے کا کہا۔
