عمران خان اور پرویز الہٰی کے درمیان تلخ جملوں کے تبادلے کی افواہوں پر پنجاب حکومت کا ردِعمل

لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب حکومت نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے درمیان تلخ جملوں کے تبادلے کی افواہوں کی تردید کر دی۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عمران خان اوروزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق نشر ہونے والی خبر بے بنیاد ہیں۔عمران خان کی جانب سے کسی بھی افسر کی تعیناتی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب پر دباؤ نہیں ڈالا گیا،عمران خان اور پرویز الہٰی کے درمیان کسی قسم کے تلخ جملوں کے تبادلہ کی خبر غلط ہے۔
گذشتہ روز یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ عمران خان نے شہباز گل کو اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔دنیا نیوز کے مطابق عمران خان کی جانب سے شہباز گل کو راولپنڈی کے اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ آئی جی جیل خانہ جات نے موقف اپنایا کہ یہ کام غیر قانونی ہے نہیں ہو سکتا۔
تاہم عمران خان نے آئی جی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو ہدایت کی ہے کہ جو بھی نتائج ہوں پرواہ نہیں،شہباز گل کو منتقل کیا جائے۔
دوسری جانب شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا کہ رہنما پی ٹی آئی شہبازگل کو بچپن سے سانس کا مسئلہ ہے۔شہبازگل کو سانس لینے میں مسئلہ اور جسم میں درد ہے۔ شہباز گل کندھے، گردن اور چھاتی کے بائیں جانب درد محسوس کررہے ہیں۔شہباز گل کو ای سی جی کی فوری طور پر ضرورت ہے۔میڈیکل بورڈ نے مشورہ دیا ہے کہ شہبازگل کا ایکسرے اور دل کا ٹیسٹ کرنا ضروری ہے۔
شہبازگل کو کارڈیالوجسٹ اور پلمانولوجسٹ کی جانب سے طبی معائنہ درکارہے۔میڈیکل رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ شہبازگل کے مزید طبی معائنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ جبکہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ پورے پاکستان کو علم ہے شہباز گل کو غیر قانونی طریقے سے تشدد کیا۔ شہباز گل کو سانس کا مسئلہ ہوا،رات پمز میں رہے ہیں،ہم قانون پر یقین رکھتے ہیں،جبکہ قانون میں مکمل انصاف کا نام ہے۔
