عالمی برادری کو بلوچستان کے عوام کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے، ضیا لانگو

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی مشیر داخلہ و پی ڈی ایم اے ضیا لانگو نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو بلوچستان کے عوام کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی مشیر داخلہ ضیا لانگو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں مون سون کے پانچ اسپیل نے تباہی مچا دی ہے، اس اسپیل میں گزشتہ روز کے بعد رات اور پھر آج صبح تک بارش جاری رہی۔
‘کوئٹہ کے تمام ڈیم محفوظ ہیں’
ضیا لانگو نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے تمام ڈیم بھر چکے ہیں اور تمام ڈیم محفوظ ہیں، کلی ناصران اور دیگر علاقوں میں سیلابی پانی میں پھنسے افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
‘بلوچستان میں جہاں تک رسد ممکن ہے وہاں ریلیف کا سامان پہنچا رہے ہیں’
ان کا کہنا تھا کہ بارشوں سے مزید 3 اموات کوئٹہ اور 4 بلوچستان میں ہوئیں، پی ڈی ایم اے کے وئیر ہاؤس کا راستہ بھی بند ہو چکا ہے، بلوچستان میں جہاں تک رسد ممکن ہے وہاں ریلیف کا سامان پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشرقی بلوچستان کے علاقوں میں واپڈا کے گرڈ اسٹیشنز میں پانی چلا گیا ہے؛ پاک فوج، پولیس، لیویز سمیت تمام متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
ضیا لانگو نے کہا کہ وفاقی حکومت کو متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے آگے آنا چاہیے، بلوچستان میں ہونے والی تباہی کی امداد صوبے کے مالی وسائل سے ممکن نہیں۔