پنجاب کے وزیر کھیل نے کیچ ڈراپ کرنے والے ارشدیپ سنگھ کی والدہ کو فون کرکے کیا کہا؟

امرتسر(قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر گروپ میچ میں ہار کا حساب برابر کردیا . پاکستان نے بھارت کا 182 رنز کا ہدف محمد رضوان اور محمد نواز کی شاندار اننگز کی بدولت آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا .

میچ کے انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں پاکستانی بیٹر آصف علی کا کیچ چھوڑنے پر بھارتی بولر ارشدیپ سنگھ تنقید کی زد میں آگئے . ہوا کچھ یوں کہ میچ کے اٹھارویں اوور میں پاکستان کو 16 گیندوں پر 31 رنز درکار تھے اور کریز پر آصف علی اور خوشدل شاہ موجود تھے .

پاکستانی اننگز کے 18 ویں اوور کی تیسری گیند پر آصف علی نے شاٹ ماری جس پر گیند ہوا میں گئی، بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے کیچ ، کیچ کی آوازیں لگائی گئیں لیکن فیلڈر ارشدیپ سنگھ نے آصف علی کا آسان کیچ چھوڑ دیا . پاکستان سے شکست کے بعد بھارتی کرکٹ شائقین نے ارشدیپ کو تنقید کا نشانہ بنایا تو وہیں پاکستانی شائقین نے بھارتی فیلڈر کا شکریہ ادا کیا . بھارتی ٹرولرز نے پاکستان سے شکست کی وجہ ارشدیپ کے ڈراپ کیچ کو قرار دیا اور انہیں خالصتانی بھی کہہ ڈالا جبکہ کچھ انتہا پسند بھارتی ارشدیپ سنگھ کو پاکستانی ایجنٹ بھی کہہ رہے ہیں .

اس تمام صورتحال میں بھارتی پنجاب کے وزیر کھیل گرمیت سنگھ نے ارشدیپ سنگھ کی والدہ کو فون کرکے کرکٹر کی حمایت کی ہے . وزیر کھیل نے ارشدیپ سنگھ کی والدہ کو فون کرکے کہا کہ ’اگر ڈیتھ اوورز میں آپ کو بولنگ دی گئی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ کپتان آپ پر بھروسہ کرتا ہے، ہر کسی کا کوئی اچھا اور برا دن ہوتا ہے، کھیل کو کھیل ہی کی طرح دیکھنا چاہیے، انہوں نے ہر میچ میں پرفارم کیا ہے . ‘آخر میں وزیر کھیل نے بھارتی کرکٹر کی والدہ سے کہا کہ ’میں اور آپ دونوں ارشدیپ کو لینے ائیرپورٹ جائیں گے . ‘

. .

متعلقہ خبریں