کراچی سمیت ملک بھر میں ڈینگی زور پکڑنے لگا

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی سمیت ملک بھر میں ڈینگی کے کیسز بڑھنے لگے، 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 108، خیبر پختوانخوا میں 106 اور سندھ میں91 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔محکمہ صحت کے حکام کے مطابق سندھ بھر میں یومیہ سینکڑوں افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہو رہے ہیں۔
کراچی میں 24 گھنٹے میں 87 افراد ڈینگی میں مبتلا
سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 91 افراد میں ڈینگی وائرس تصدیق ہوئی ہے جس میں سے 87 کا تعلق کراچی کے مختلف اضلاع سے ہے۔محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ رواں ماہ اب تک ڈینگی سے 518 افراد کراچی میں متاثر ہوچکے ہیں۔
پنجاب میں 1 دن میں ڈینگی کے 108 نئے کیسز رپورٹ
پنجاب میں 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے مزید 108مریض سامنے آئے ہیں، سیکرٹری صحت کے مطابق لاہور سے 50، راولپنڈی سے39 ، گوجرانوالہ سے ڈینگی کے 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
قصور میں 2،فیصل آباد،ننکانہ،اوکاڑہ سے ایک ایک ڈینگی کا کیس سامنے آیا ہے جبکہ بہاولپور،خانیوال،وہاڑی،جھنگ میں بھی ڈینگی کا ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔رواں سال پنجاب میں اب تک ڈینگی کے1817مریض رپورٹ ہوئے ہیں، صوبے کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 425 مریض زیرِ علاج ہیں۔
کے پی میں ڈینگی سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 4 ہوگئی
خیبر پختونخوا میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مردان سے تعلق رکھنے والا شخص ڈینگی سے جاں بحق ہوا۔
صوبے میں ڈینگی سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 4 ہوگئی ہے، محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 106افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔
گزشتہ 5 ماہ کے دوران صوبے میں ڈینگی کے2 ہزار397 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں مردان میں سب سے زیادہ936 ڈینگی کیسز سامنے آئے ہیں۔خیبر میں ڈینگی کے484 کیسز سامنے آئے ہیں، پشاور میں117، نوشہرہ237 اور چارسدہ میں73 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔