حکومت کا ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں کیلئے عید پیکج کا اعلان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں کیلئے عید پیکج کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر سرسید ایکسپریس نجی شعبے کے سپرد کرنے کی تقریب ہوئی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا کہ ریلوے پر سفر کرنے والے زیادہ تر لوگ غریب ہیں، عید کے موقع پر راولپنڈی سے کراچی کے مسافروں کو کرائے میں 10 فیصد رعایت دی جائے گی ، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ریلوے ادارے کو منافع بخش بنائیں گے، ٹیکنالوجی کے ذریعے ریلوے سے کرپشن ختم کرسکتے ہیں، پسنجر اور فریٹ ٹرین کو چلانا ہمارا کام نہیں ہے یہ پرائیویٹ شعبے کا کام ہے ، ہم اپنے ٹریک کو ایم ایل ون کے ذریعے دنیا کی بہترین ریلوے بنائیں گے جس میں مسافروں کو گھر سے اٹھانے سے گھر تک پہنچانے کا انتظام کیا جائے گا۔
دوسری طرف حکومت نے اورنج لائن ٹرین سے کمائی حاصل کرنے کیلئے اسٹیشنوں کو ٹھیکے پر دینے کا فیصلہ کرلیا ، لاہور کی اورنج لائن ٹرین کے اسٹیشنز میں ٹک شاپ سمیت شاپنگ سنٹر بنائے جائیں گے، حکومت نے اورنج لائن میٹرو ٹرین سے مزید آمدنی حاصل کرنے کے لیے اہم اقدام اُٹھا لیا ہے،اس مقصد کے لیے حکومت نے اورنج لائن ٹرین کے اسٹیشنوں کو ٹھیکے پر دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت لاہور کی اورنج ٹرین کے اسٹیشنز میں ٹک شاپ اور شاپنگ سنٹر بنائے جائیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ اورنج ٹرین سے کمائی حاصل کرنے کیلئے سٹیشنوں کو ٹھیکے پر دینے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ، اورنج ٹرین سے کمائی حاصل کرنے کیلئے پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات پر انڈورسٹیشنز آؤٹ سورس کرنے کیلئے نجی کمپنیوں سے رابطے تیز کردئیے ، میٹرو سٹیشنز میں بل بورڈ اورٹک شاپ سمیت شاپنگ سنٹر بنائے جائیں گے ، اورنج ٹرین سٹیشن پرائیویٹ کمپنی کے حوالے کرکے ریونیو حاصل کریں گے جب کہ اورنج ٹرین کے سٹیشنز کے باہر بڑے بل بورڈ نہیں لگائے جائیں گے۔
