جمائما گولڈ اسمتھ نے بیٹوں سمیت خود کو آدھا پاکستانی قرار دے دیا
ٹورنٹو (قدرت روزنامہ)چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کی سابقہ اہلیہ، پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ کا کہنا ہے کہ وہ اور اُن کے دونوں بیٹے، سلیمان خان اور قاسم خان آدھے پاکستانی ہیں۔گزشتہ دنوں ٹورنٹو میں ہونے والے بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں جمائما گولڈ اسمتھ کی فلم ’واٹس لَو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کاپریمیئر شو ہوا۔
View this post on Instagram
اس موقع پر جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنے انٹرویو کے دوران فلم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم پاکستانی عوام اور اس کی ثقافت سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔جمائما کا کہنا تھا کہ میں اور میرے بیٹے ایک عرصہ پاکستان میں بھی گزار چکے ہیں، میں پاکستان میں 10 سال رہی ہوں، ہم آدھے پاکستانی ہیں، اس دوران میں نے جو پاکستان میں دیکھا میں اس سے متاثر ہوئی، پاکستان کی ثقافت کافی دلچسپ ہے۔
جمائما گولڈاسمتھ نے مزید کہا کہ اس فلم کے خصوصی شو سے حاصل ہونے والی رقم وہ پاکستان کے سیلاب زدہ لوگوں کے لیے عطیہ کریں گی۔واضح رہے کہ جمائما گولڈاسمتھ کی فلم میں پاکستانی اداکارہ سجل علی، للی جیمز، شہزاد لطیف، شبانہ اعظمی، عاصم چوہدری اور ایما تھامسن مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔فلم ’واٹس لَو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ آئندہ سال 27 جنوری 2023 کو ریلیز کی جائے گی۔