لاہور(قدرت روزنامہ) مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری شافع حسین نے پنجاب کی سیاست میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے . سماء نیوز کے مطابق شافع حسین آئندہ عام انتخابات میں پنجاب سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑیں گے .
چوہدری شافع حسین کے حلقت کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا . چوہدری شافع حسین کے چھوٹے بھائی چوہدری سالک اس وقت وفاقی وزیر ہیں .
اس سے قبل چوہدری شافع والد اور بھائی کی انتخابی مہم میں فعال رہ چکے ہیں . دوسری جانب مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی نے وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کر دیا . چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا .
مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکاء نے کہا کہ چوہدری پرویزالہٰی کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، جبکہ وزیراعلٰی پنجاب پرویزالٰہی ہمارے لیڈر ہیں .
وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا مسلم لیگ ق متحد ہے اور متحد رہے گی . پنجاب کے عوام کی خدمت کے سفر کو مل کر مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے،افواہیں پھیلانے والے مخصوص ایجنڈے پر چل رہے ہیں . ادھر پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت سے گلے شکوے شروع کر دئیے ہیں . وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ پنجاب کو نظر انداز کرکے دیگر صوبوں کو گندم کی فراہمی پروفاقی حکومت کواحتجاجی مراسلہ بھیجا جائے گا .
صوبے میں 10 لاکھ ٹن گندم کی قلت کا سامنا ہے،وفاقی حکومت نے پنجاب کی درخواست کے باوجود گندم فراہم نہیں کی . وزیر اعلٰی پنجاب نے وفاق کے روئیے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بارشوں اور سیلاب سے کئی لاکھ ٹن گندم ضائع ہوئی . وفاقی حکومت گندم فراہم نہ کرنے کے حوالے سے پنجاب کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کر رہی ہے .