ایبٹ آباد (قدرت روزنامہ) ایف آئی اے سائبرکرائم نے ایبٹ آباد میں کارروائی کی ہے . دنیا نیوز کے مطابق پاک فوج کے خلاف توہین آمیز مہم چلانے میں ملوث 3 ملزمان گرفتار کر لیے گئے .
ملزمان نے اعلیٰ عسکری قیادت کے خلاف توہین آمیز ریمارکس پوسٹ کیے تھے . ملزمان کو بگرام،ہری پور اور حویلیاں سے گرفتار کیا گیا . ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیاگیا ہے .
ملزمان سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ پاک فوج کے خلاف مہم چلانے میں ملوث مزید افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی .
چند روز قبل شہداء کے خلاف سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا تھا . اس سلسلے میں ایف آئی اے ، آئی ایس آئی اور آئی بی کے نمائندوں پر مشتمل 6 رکنی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی جو آرمی افسران کی شہادت کے واقعے پر منفی مہم چلانے والوں کی نشاندہی کرے گے اور گرفتاری کے امور انجام دے گی .
6 رکنی تحقیقاتی ٹیم کا نوٹفیکیشن جاری کر دیا گیا . ٹیم میں آئی ایس آئی اور آئی بھی کے افسر بھی شامل ہیں . ایف آئی اے کے محمد جعفر ، ڈاکٹر وقار الدین سید، ایاز خان اور عمران حیدر ٹیم کا حصہ ہیں . آئی ایس آئی کے لیفٹیننٹ کرنل سعید اور آئی بی کے وقار نثار چوہدری بھی ٹیم میں شامل ہوں گے . ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کے گرفتاری ہو گی . ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے مہم کا حصہ بننے والے اکاؤنٹس کا شارٹ لسٹ کر لیا .
انکوائری ٹیم افواج پاکستان کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری منفی پروپیگینڈا مہم کے معاملے پر تحقیقات کرے گی . قبل ازیں ترجمان پاک فوج نے کہا تھا کہ لسبیلہ ہیلی کریش سے متعلق سوشل میڈیا پرمنفی مہم جوئی سے شہداء کے لواحقین کی دل آزاری ہوئی،شہداء کے لواحقین اور پاک فوج میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے،یہ بے حس رویے ناقابل قبول اور شدید قابل مذمت ہیں .
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لسبیلہ ہیلی کریش کے بعد سوشل میڈیا پرمنفی پروپیگنڈا مہم جوئی کی گئی، منفی سوشل میڈیا مہم کے باعث شہداء کے لواحقین کی دل آزاری ہوئی، منفی مہم جوئی کے باعث شہداء کے لواحقین اور پاک فوج میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے، مشکل اور تکلیف دہ وقت میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے . کچھ بے حس حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تکلیف دہ اور توہین آمیز مہم جوئی کی گئی، یہ بے حس رویے ناقابل قبول اور شدید قابل مذمت ہیں .